مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی جبکہ کراچی میں 1500 اضافی نفری کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کے سیکریٹری کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر دفعہ ایک سو چوالیس فوری نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے مظاہرہوں، احتجاج اور ریلیوں جبکہ چار سے زائد افراد کے ایک مقام پر جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔ دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ پرتشدد احتجاج کی روک تھام کے لئے کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی گرفتار
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ رٹ برانچ کے قریب گیٹ سے گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس نے شاہ محمود قریشی کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان جاری
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا، جس کے بعد شرپسند عناصر نے فوج کے خلاف مہم چلائی اور عوام کو بدظن کرنے کی کوشش کی، 9 مئی کے دن کو ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایک طرف تو یہ شرپسند عناصر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فوج کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں اور دوسری طرف یہ رویہ دوغلے پن کی اعلیٰ مثال ہے۔ جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دکھایا ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کیخلاف کوئٹہ میں مظاہرہ، پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران فائرنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ کارکنوں اور پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 10 افراد زخمی ہوگئے۔ایک سینئر پولیس افسر نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا، “پی ٹی آئی کے مظاہرے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا،” انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی کیونکہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کا اختیار اور اجازت نہیں تھی۔اُدھر پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر منیر بلوچ نے مظاہرین پر فائرنگ کا الزام پولیس پر عائد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
پاکستان بھر سے پی ٹی آئی کے ہزار سے زائد کارکنان گرفتار، دہشتگردی کے مقدمات درج
پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث پی ٹی آئی کے ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ لگائی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں پولیس ٹیمیں سرکاری املاک پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف ان ایکشن ہے۔ ویڈیو فوٹیجز اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ